ٹیلر سوئفٹ کا لندن شو: ایک دن پہلے ہی اسٹیڈیم کے باہر لمبی قطاریں

03:10 PM, 21 Jun, 2024

علی زیدی

ویب ڈیسک: (علی زیدی) مشہور زمانہ امریکی گلوکارہ ٹیلرسوئفٹ کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ  ہم  14 مرتبہ گریمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والی لیجنڈری گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے عہد میں جی رہے ہیں ۔ مداح اپنی من پسند گلوکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے دیوانہ وار ان کے کنسرٹ میں شرکت کرتے ہیں اور تاریخ کی مہنگی ترین ٹکٹس بھی بلاجھجک خریدتے ہیں۔ 

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ کے دوران جتنے شائقین کنسرٹ میں موجود ہوتے ہیں اس سے کئی گنا زیادہ کنسرٹ کے مقام کے باہر بھی موجود ہوتے ہیں۔ ٹیلر سوئفٹ کو اپنی ہاؤس فل پرفارمنسز کی وجہ سے بھی جانا جاتا ہے۔ 

مشہور امریکی گلوکارہ کا "ایراز ٹور" میں اگلا پڑاؤ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہے۔ جہاں ویمبلے ایرینا میں کنسرٹ آج ہوگا۔ 4 روز تک جاری رہنے والے اس کنسرٹ میں شرکت کیلئے مداحوں کا رش ایک دن پہلے ہی شروع ہوگیا۔ گلوکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے مداح 24 گھنٹے پہلے ویمبلے ایرینا کے باہر جمع ہونے لگے۔

شائقین کا جذبہ اتنا دیدنی تھا کہ لندن بھر میں ہر جگہ ٹیلرسوئفٹ کے مداح ہی دیکھے گئے۔ ایک دن پہلے پہنچ جانے کے بعد بھی مداحوں کا جوش وخروش کم نہ ہوا اور انہوں نے مختلف گیمز میں مصروف رہ کروقت گزارا۔ مداحوں نے ایک دوسرے کو "فرینڈشپ بینڈ" پہنائے اور دوستیاں بڑھائیں۔ 

ویمبلے ایرینا میں ایک وقت میں 90 ہزار افراد سما سکتے ہیں لیکن شائقین کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ کنسرٹ کی ایک ٹکٹ کی قیمت کم از کم 3 ہزار پاؤنڈ رکھی گئی ہے جسے تاریخ کی مہنگی ترین ٹکٹ کہا جارہا ہے۔ 

ٹیلر سوئفٹ اس سے قبل ایڈن برگ، لیورپول اور کارڈف میں اپنی دھاک جما چکی ہیں۔ اداکارہ کے گزشتہ کنسرٹ کے دوران تو  پرستاروں کے ڈانس کی دھمک کے باعث معمولی زلزلہ بھی رپورٹ کیا گیا تھا۔ 

ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ سے برطانیہ کو کتنا فائدہ ہوگا؟

معروف اداکارہ ٹیلرسوئفٹ کی برطانیہ میں ایک ٹکٹ کی قیمت 3 ہزار پاؤنڈ سے شروع ہورہی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ برطانیہ کی معیشت کو اس کنسرٹ سے کم از کم 300 ملین پاؤنڈ کا فائدہ پہنچے گا۔ 

بتایا گیا ہے کہ گلوکارہ کے کنسرٹ میں لگ بھگ 6 لاکھ 40 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ 

لندن میں ٹیلر سوئفٹ کے پرائیویٹ جیٹ کو نقصان کیوں پہنچا؟

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ کے پرائیویٹ جیٹ کو لندن کے ایک ایئرپورٹ پر مظاہرے کے دوران مظاہرین نے نقصان پہنچایا ہے۔

’جسٹ اسٹاپ آئل‘ گروپ کے ماحولیاتی کارکنوں نے کئی پرائیویٹ جیٹس پر نارنجی رنگ پھینک دیا، جس میں سوئفٹ کا جیٹ بھی شامل تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ امریکی گلوکارہ کا جیٹ دوسرے ’اینٹی فوسل فیولز احتجاج‘ سے چند گھنٹے قبل ہی لندن کے ایئرپورٹ پر اترا تھا۔ 

مزیدخبریں