معاشی چیلنجز سےنمٹنےکیلئےسب کامل بیٹھنا وقت کی ضرورت ہے:وزیراعظم

12:18 PM, 21 Mar, 2024

پبلک نیوز:  وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہیں جبکہ اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران کابینہ بھی شریک ہے۔

چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور اجلاس میں شریک ہیں جبکہ وفاقی وزراء بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شریک ہیں۔

اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے، اجلاس کے دوران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کلیدی کردار ہے،ایس آئی ایف سی ملک کی 'معاشی بحالی' کی جامع حکمت عملی کا مظہر ہے،پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے،منصوبے کے تحت زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا،منصوبے کے تحت ان شعبوں کے ذریعے پاکستان کی مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھانےکے اقدامات لئے جارہے ہیں۔

شہباز شریف  نے کہا کہ کونسل کا مقصد منصوبے کے تحت 'ایک حکومت' اور 'اجتماعی حکومت' کے تصور کو فروغ دینا ہے،ملک میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کیا جائے گا،ایس آئی ایف سی کے تحت بیرون ممالک سے سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لئے 'سنگل ونڈو' کی سہولت دی گئی ہے،اس منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کرنا ہے،ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جیسے جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کی ایپیکس کمیٹی نے نگراں حکومت میں بھی موثر اور بھر پور کام کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے،ملک کو درپیش معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے،عسکری قیادت نے اس پلیت فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔

اجلاس کا باقاعدہ اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا۔

مزیدخبریں