قمر جاوید باجوہ نےمیرے خلاف پریس کانفرنس کرنےکی دھمکی دی،خواجہ آصف

02:45 PM, 21 Mar, 2024

پبلک نیوز: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے انہیں دھمکی دی تھی کہ وہ میرے خلاف پریس کانفرنس کریں گے۔

تفصیلا ت کے مطابق یہ انکشاف شہباز شریف حکومت کے سینئر کابینہ رکن نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے اس بات کی تصدیق اس وقت کی جب اینکر نے ان سے پوچھا کہ کیا انہیں سابق آرمی چیف کی جانب سے پہلے بھی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے مجھے پہلے بھی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ وہ میرے خلاف پریس کانفرنس کریں گے جس پر میں نے کہا تھا کہ جو کرنا ہے کرلو۔

یہ معاملہ اس وقت زیر بحث آیا جب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو طالبان کی واپسی کی اجازت دینے کی ان کی پالیسی پر قومی اسمبلی میں طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سابق جنرلز کو سابقہ حکومت کی پالیسی پر بریفنگ کے لیے بلانے کا کہہ کر کسی کی توہین نہیں کی۔دو تین سال پہلے ہمیں بریفنگ دی گئی تھی کہ اگر طالبان کو پاکستان واپس آنے دیا گیا تو ایک نئے دور کا آغاز ہو گا اور امن اور بھائی چارہ ہو گا۔ ہمیں ایک الگ تصویر پیش کی گئی لیکن دیکھیں ملک میں کیا ہو رہا ہے۔

وزیر دفاع نے اس سلسلے میں پارٹی کی طرف سے کوئی ہدایت موصول ہونے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے مطالبے سے کسی کو ناراض نہیں ہونا چاہیے۔اگر کسی کو تکلیف ہو رہی ہے تو میں کہوں گا، اسے جانے دو۔”

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کا معاملہ سیاسی مسئلہ ہے، اگر پی ٹی آئی آڈٹ کرنا چاہتی ہے تو 2018 سے شروع کریں۔

دریں اثناء وزیر قانون نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ سابق فوجی حکام کو طلب نہیں کیا جا سکتا کیونکہ منتخب اراکین کے علاوہ کوئی اور ایوان کے فلور پر نہیں آ سکتا۔

مزیدخبریں