پاکستان سیاسی بحران سے نکل آئے گا: الہان عمر

05:59 AM, 21 May, 2022

احمد علی
امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر نے کہا ہے کہ میرے خیال میں پاکستان کسی بھی سیاسی بحران سے نکلنے کا راستہ ڈھونڈ لے گا۔ پاکستانی اپنے مستقبل کیلئے انتہائی پرعزم ہیں۔ وائس آف امریکا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الہان عمر کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے لوگوں اور ان کے لیڈروں سے ملی ہوں۔ وہ اپنے ملک کو خوشحال بنانے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں۔ الہان عمر کا کہنا تھا کہ ہر ملک کے اپنے اپنے مسائل ہوتے ہیں، میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان کیساتھ پارٹنرشپ کیلئے امریکا کو پرعزم ہونے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم پاکستان کو بطور پارٹنر دیکھنے کیلئے تیار ہوں تو وہ ہمارے لئے ایک مضبوط اتحادی ہو سکتا ہے۔ خیال رہے کہ 39 سالہ الہان عمر کا تعلق امریکی ریاست منی سوٹا سے ہے اور وہیں سے وہ رکن کانگریس منتخب ہوئیں تھیں۔ ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ الہان عمر امریکی تاریخ کی ان دو پہلی دو مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں جنھیں ایوان نمائندگان تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔ الہان عمر کے والدین کا تعلق صومالیہ سے ہے، وہ 2016ء میں اس وقت رکن کانگریس بنی تھیں جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیانات دے رہے تھے کہ صومالیہ کے تارکین وطن امریکا میں انتہا پسندانہ خیالات کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا بچپن کینیا کے تارکین وطن کے کیمپ میں گزارا تھا جہاں ان کا خاندان صومالیہ سے نقل مکانی کر کے پہنچا تھا۔ پناہ گزینوں کے اس کیمپ میں انھوں نے 4 سال گزارے۔
مزیدخبریں