چین کیساتھ فولادی بندھن مزید مضبوط کرینگے:وزیراعظم
06:27 AM, 21 May, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وقت کی کوئی آندھی، عالمی حالات کا کوئی طوفان اور حسد کی کوئی آگ چین کیساتھ فولادی بندھن پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔ چین پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 71ویں سالگرہ پر صدر شی جن پنگ، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا پختہ عزم ہے کہ آئرن برادرز کا یہ مثالی بندھن مزید بلندیوں، باہمی تعاون، اعتماد اور قربتوں کی نئی رفعتوں اور بلندیوں سے ہمکنار ہو۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔ آج وہ مبارک دن ہے جب دونوں ممالک نے دوستی کے پودے کا بیج بویا تھا جو 70 سال میں ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 21 مئی 1950 سے 2018 تک دونوں ممالک کی قیادت اور عوام نے دوستی کے اس سدا بہار شجر کو پروان چڑھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں چین اور پاکستان کے اول تا آخر تمام قائدین اور رہنمائوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس بے مثال دوستی کو کوآپریٹو سٹرٹیجک پارٹنرشپ اور آئرن برادرز کے رشتے میں ڈھالا، وقت کی کوئی آندھی، عالمی حالات کا کوئی طوفان اور حسد کی کوئی آگ اس فولادی بندھن پر اثرانداز نہیں ہو سکی۔ سرکاری میڈیا اے پی پی نیوز پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے ان پیاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جن کی جان پاک چین دوستی کی وجہ سے لی گئی، جامعہ کراچی کے باہر ہمارے چینی بھائیوں اور بہن کو نشانہ بنایا گیا، ہم ان سمیت پاک چین دوستی پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے اہل خانہ سے اپنے غم کا اظہار کرتے ہیں اور پختہ عہد کرتے ہیں کہ ان جرائم میں ملوث دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک ہی نہیں خطے سے غربت مٹانے، معاشی تعاون، خطے کو جوڑنے اور پائیدار استحکام کی مظبوط بنیاد ہے، سی پیک آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی علامت اور ضمانت ہے، پختہ عزم ہے کہ آئرن برادرز کا یہ مثالی بندھن مزید بلندیوں، باہمی تعاون، اعتماد اور قربتوں کی نئی رفعتوں اور بلندیوں سے ہمکنار ہو۔