شیریں مزاری کو رات ساڑھے گیارہ بجے عدالت پیش کرنے کا حکم
02:09 PM, 21 May, 2022
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو رات ساڑھے گیارہ بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کے غیر قانونی اغوا کے خلاف درخواست پر حکم نامہ جاری دیا ، عدالت نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو رات ساڑھے گیارہ بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کی درخواست پر حکم جاری کیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے آج رات ساڑھے گیارہ بجے عدالت لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ پیش ہوکر بتائیں کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کیوں کی گئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو طلبی کے نوٹسز بھی جاری کردیے۔ خیال رہے کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست شیری مزاری کی بیٹی ایمان مزاری نے دائر کی تھی۔