دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے، رانا ثنااللہ

05:33 PM, 21 May, 2022

احمد علی
لاہور: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے جہاں مجھے رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آپ دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو تین دن جیل میں رکھا جائے تو اس کی سیاست نکل آئے گی، میری خواہش ہے عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے جہاں مجھے رکھا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اتحادی حکومت ہے، اس لیے اس قسم کے فیصلے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے بغیر نہیں کیے جاسکتے، آپ دعا کریں عمران خان کی گرفتاری کی اجازت مل جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ادارے ہمارے ساتھ نہیں بلکہ پاکستان کے ساتھ ہونے چاہیئں، ہم جتنا زور لگارہے ہیں وہ کم ہے اور ادارے جتنی مدد کررہے ہیں وہ کم ہے۔ ملک کو اس دور سے نکالنے کیلئے زیادہ زور لگانے کی ضرورت ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہے، انہیں چاہیے پہلے اس پر ووٹنگ کرائیں پھر اجلاس بلائیں۔ اگر وزیراعلیٰ کا الیکشن دوبارہ ہوا تو حمزہ شہباز سادہ اکثریت سے جیت جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری میں حکومت یا کسی اور کا کوئی عمل دخل نہیں، متعلقہ ادارے نے قانون کے مطابق ان کی گرفتاری کی۔
مزیدخبریں