ویب ڈیسسک :مختصر ویڈیوز کے لیے مشہور پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے ویڈیوز بنانے اور اپ لوڈ کرنے سے متعلق نئی اور اہم ہدایات جاری کی ہیں۔
دنیا بھر میں مقبول ویڈیو پلیٹ فارم اپنی نئی کمیونٹی گائیڈ لائنز میں اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ اب خطرناک اقسام کی ڈائٹ، ادویات کے استعمال، جنسی استحصال، تشدد اور نفرت انگیز مواد سمیت مختلف موضوعات کے مواد کو ’فار یو فیڈ‘ میں نہیں دکھایا جائے گا۔
اس کے علاوہ 13 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹ پر مواد کو انتہائی محدود کرکے صرف بچوں کے لیے موزوں مواد کو دکھایا جائے گا۔
ٹک ٹاک کی نئی گائیڈ لائنز کے مطابق ٹک ٹاک پر مذکورہ تمام موضوعات پر نہ صرف بچے بلکہ بالغ افراد بھی فار یو فیڈ پرمواد نہیں دیکھ سکیں گے اور ایپلی کیشن کا الگورتھم ایسا مواد لاگو کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
یہ ہدایات گزشتہ ماہ ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کی گئی تھیں جس کا اطلاق 4 روز قبل 17 مئی سے ہوگیا ہے۔ جس کے بعد ویڈیوز میں ایسا خطرناک مواد نظر نہیں آئے گا جس پر مختلف خطوں یا ممالک میں تنازعات ہوتے رہے ہیں۔
نئی گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ وزن کم کرنے، امراض قلب میں مددگار ورزش کرنے کے طریقے بھی فار یو فیڈ پر دکھائی نہیں دیں گے۔
ٹک ٹاک انتظامیہ نے واضح کیا کہ عریاں ویڈیوز اور تصاویر بھی نہیں دکھائی جائیں گی اور ایسے مواد کے فروغ کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اسے صارفین کو رضاکارانہ طور پر پیش نہیں کیا جائے گا۔
نئی گائیڈ لائنز کے مطابق جوا، تاش، شراب نوشی، تمباکو نوشی اور اسی طرح کے دیگر معاملات سے وابستہ مواد کو بھی نہیں دکھایا جائے گا۔