انگلش پریمیئر لیگ، نچسٹر سٹی مسلسل چوتھی بار چیمپئن بننے والی پہلی ٹیم

03:04 PM, 21 May, 2024

ویب ڈیسک: فٹ بال کلب ' مانچسٹر سٹی' انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت کر ایونٹ کی 32 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل چار بار چیمپئن بننے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

مانچسٹر سٹی نے اتوار کو اپنے آخری لیگ میچ میں 'ویسٹ ہیم' کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر مانچسٹر یونائیٹڈ کے مسلسل تین سال چیمپئن بننے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

مانچسٹر سٹی کو مسلسل چوتھا ٹائٹل جیتنے کے لیے اس آخری میچ میں تین پوائنٹس حاصل کرنا تھے جو انہوں نے فل فوڈن کے دو گول کی بدولت باآسانی حاصل کر لیے تھے۔

کھلاڑی فل فوڈن نے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جسے 18ویں منٹ میں انہوں نے دگنا کر دیا تھا۔ ویسٹ ہیم کی جانب سے محمد قدوس نے 42ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اس خسارے کو کم تو کیا تھا لیکن 59ویں منٹ میں روڈری کے گول نے مانچسٹر سٹی کو دو گول کی برتری دلا دی۔

یہ کوچ پیپ گارڈیولا کی زیرِ نگرانی مانچسٹر سٹی کا گزشتہ سات برسوں میں چھٹا ٹائٹل ہے، جس کے بعد ان کے مجموعی ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

مانچسٹر سٹی نے پہلی بار انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل 2012 میں جیتا تھا جس کے بعد سے انہوں نے 2014، 2018، 2019، 2021، 2022 ، 2023 اور 2024 میں پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتا۔

اس سے قبل سب سے زیادہ مسلسل چیمپئن بننے کا ریکارڈ مانچسٹر یونائیٹڈ کے پاس تھا جنہوں نے دو مرتبہ انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک کی تھی۔

مزیدخبریں