آرمی چیف کی تقرری: وزارت دفاع کو وزیر اعظم کا خط موصول

04:02 PM, 21 Nov, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق وزارت دفاع کو وزیراعظم کا خط موصول ہوگیا ہے جس کا جی ایچ کیو کو بھی بتا دیا گیا ہے۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایک دو دن میں اس حوالے سے فیصلہ بھی متوقع ہے، دو یا تین دن میں سارا مرحلہ طے ہو جائے گا، اس مرحلے کے بعد عمران خان سے جو دو دو ہاتھ کرنے ہیں وہ بھی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان ہی اداروں نے چار سال عمران خان کو مکمل سپورٹ کیا، عمران خان 4 سال سپورٹ کے باوجود کچھ نہ کرسکے تو اداروں پر حملہ نہ کریں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ایک ادارے کے سربراہ کی تقرری کے حوالے سے غلط خبریں چلیں، اس ادارے کا ماضی میں ایک کردار رہا ہے، وہ کردار ماورائے آئین رہا ہے، آج وہ ادارہ آئین کے تحت کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے۔ خواجہ آصف نے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آج وزارت دفاع کو وزیراعظم کا خط موصول ہوا ہے اور اس کا جی ایچ کیو کو بتا دیا گیا ہے، دو تین روز میں تمام مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران توشہ خانے کے تحفے پہلے بیچتا تھا اور پھر پیسے سرکار کو دیتا تھا، عمران خان کو اقتدار میں لانے کیلئے 15 سال پلاننگ کی گئی، یہ ایک شرمناک داستان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سیاست کےساتھ سماجی اقدار کو بھی نقصان پہنچایا اور لفظ نیوٹرل کو طعنہ بنادیا ہے، ادارہ برملا کہہ رہا ہے، اعلان کررہا ہے کہ ہم نے خود کو نیوٹرل کرلیا ہے۔
مزیدخبریں