پاراچنار میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ، 17 افراد جاں بحق

04:44 PM, 21 Nov, 2024

(ویب ڈیسک )  پارا چنار میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کردی گئی،افسوسناک واقعہ میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق  حملہ پارا  چنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر کیا گیا۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر حملہ ضلع کرم کے علاقے اوچت میں کیا گیا,حملے میں زخمیوں کو مندوری ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

صدر مملکت کا اظہار افسوس: 

صدر مملکت آصف علی زرداری  نے ضلع کُرّم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔صدر  نے کرم میں فائرنگ میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے  کہ  نہتے مسافروں پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے،معصوم شہریوں پر حملے کے ذمےداران کو کیفر  کردار پہنچایا جائے۔

صدر مملکت  نے واقعہ میں قیمتی جانی نقصان پر  لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت  کیا۔انہوں نے  زخمی افراد کو بروقت طبی امداد کی فراہمی، ذمے داران کے خِلاف کارروائی کی ضرورت پر زور  دیا۔

آصف علی زرداری نے  جاں بحق افراد کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

گورنر کے پی کی مذمت: 

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی  نے مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ کی مذمت  کی ہے۔گورنر خیبر پختونخوا نے فائرنگ سے بے گناہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار  کیا۔انہوں نے  فائرنگ سے جاں بحق افراد کے درجات بلندی اور پسماندگان کیلئے صبروجمیل کی دعا  بھی کی۔

 گورنر  نے  غمزدہ خاندانوں سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ   مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ انتہائی گھناؤنا فعل ہے، کانوائے کے باوجود مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی تشویشناک ہے،بے گناہ مسافروں کا خون بہانے والے سفاک ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں،  صوبہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ امن و امان کی صورتحال بدترین ہوتی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں