خواجہ آصف نے علی امین گنڈاپور اور اسٹیبلشمنٹ میں رابطوں کی تصدیق کردی

05:08 PM, 21 Nov, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گنڈاپور پہلے روز سے ہی وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کی ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا تاحال کوئی امکان نہیں ہے۔ اس وقت بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے۔ پی ٹی آئی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نہ کرنا پڑے۔ 

خواجہ آصف نے بتایا کہ سیاسی اور عسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے کر جا رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اب راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے۔ 

اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں مبینہ مذاکرات سے متعلق صحافی کے سوال پر وزیر دفاع نے علی امین گنڈاپور اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کی تصدیق کردی۔ انہوں نے کہا کہ گنڈاپور روز اول سے وفاقی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ علی امین گنڈاپور جلوسوں سے غائب ہو کر برآمد ہوتے ہیں۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی مرضی سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ احتجاج میں دو دن باقی ہیں بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ 

اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی گفتگو سے متعلق سوال خواجہ آصف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ کا لہجہ کیسا ہو سکتا ہے؟ 

انہوں نے واضح کیا کہ جلسے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ وفاق پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بانی پی ٹی آئی صیہونی لابی کا بندہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے حق میں بیرون ممالک میں لابنگ ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی ورکرز ملک میں تباہی اور بیرونی لابی کی فنڈنگ کرتے ہیں۔ 

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دوہری شہریت ختم کرنے کی سفارش کردی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین دہشتگری کے لئے استعمال ہو رہی ہے۔ ہندوستان دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ بلوچستان کے لاپتہ افراد خودکش حملوں اور دہشتگردی میں ملوث نکلے۔ پاک فوج ہمیں محفوظ بنانے کے لئے بے پناہ قربانیاں دے رہی ہے۔ 

مزیدخبریں