روس کا یوکرین کیخلاف پہلی دفعہ بیلسٹک میزائل کا استعمال

05:10 PM, 21 Nov, 2024

ویب ڈیسک : یوکرین کی ایئر فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے یوکرین پر بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا ہے۔

ہزاروں کلومیٹر دُور تک جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے اس میزائل سے یوکرین کے علاقے ڈنیپرو کو نشانہ بنایا گیا۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق یہ میزائل روس کے علاقے استراخان سے داغا گیا تھا۔

روسی حکام کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

یوکرینی حکام کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس میزائل میں کس قسم کا وار ہیڈ تھا اور آیا اس میں جوہری مواد استعمال کیا گیا ہے یا نہیں۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روسی میزائل نے وسطی مشرقی شہر ڈنیپرو میں کاروباری اداروں اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اس سے کتنا نقصان ہوا۔

منگل کو روسی حکام نے تصدیق کی تھی کہ یوکرین کی جانب سے داغے گئے چھ میزائلوں میں سے پانچ کو راستے میں ہی مار گرایا گیا تھا۔

روس امریکہ اور مغربی ممالک کو خبردار کرتا رہا ہے کہ اگر اُن کے میزائل روس کے خلاف استعمال ہوئے تو یہ ان ممالک کی جانب سے روس پر براہِ راست حملہ تصور ہو گا۔

صدر پوٹن نے روس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے اُصول تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی تھی۔

یوکرین میں جارحیت کے بعد سے ہی روس، امریکہ اور مغربی ممالک کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیاں دیتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین پر روس کے جارحانہ حملے کو دو برس نو ماہ مکمل ہونے والے ہیں۔ صدر پوٹن کے حکم پر روسی فوج نے 24 فروری 2022 کو یوکرین پر شمال، مشرق اور جنوب کی جانب سے حملے کا آغاز کیا تھا۔

مزیدخبریں