ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کا مقصد ایوان کی عزت اور وقار بحال کرنا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے ججوں کا احتساب یہ ایوان کرے گا، 17 بندوں سے پاور لے کر پارلیمنٹ کو دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ چار ایم این اے جو ایوان میں پہنچے ہیں انہوں نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں آزاد الیکشن لڑا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کہا انہیں صرف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور فوجی عدالتوں پر اختلاف ہے اور باقی سب نکات سے اتفاق ہے، ان کے لیڈر نہیں مانے تو اب خلاف تقریریں کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ کے ججوں کا احتساب یہ ایوان کرے گا، عدلیہ سیاسی پارٹی بن چکی ہے، یہ کہتے تھے اکتوبر میں اپنا بندہ لا رہے ہیں، انشااللہ اکتوبر میں بھی یہی حکومت اور یہی ایوان ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ واحد آدمی ہیں جنہوں نے عدلیہ کی عزت بحال کی، اسی لئے وہ عزت سے گھر جا رہے ہیں۔