نئے چیف جسٹس کی تقرری، پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس طلب

10:03 PM, 21 Oct, 2024

(ویب ڈیسک )نئے چیف جسٹس کی تقرری کیلئے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کا معاملہ ،   پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل شام 5 بجے ہو گا۔

پیپلزپارٹی کے کمیٹی کیلئے نام  سامنے آگئے:

 پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف جسٹس کی تعیناتی بارے قائم پارلیمانی کمیٹی کیلئے اپنے نام بھجوا دیئے تھے۔

ذرائع کے مطابق  پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا نام بھجوا دیا گیاہے۔اس کے علاوہ  پیپلز پارٹی کی طرف سے فاروق ایچ نائیک اور سید نوید قمر کے نام بھجوا دیئے گئے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک سینیٹ  جبکہ راجا پرویز اشرف اور نوید قمر قومی اسمبلی کی جانب سے نمائندگی کریں گے۔

پارلیمانی کمیٹی کیلئے جے یو آئی کے نام :

ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے سینیٹر کامران مرتضی  کا نام بھجوا دیا ہے۔

کمیٹی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے نام : 

ذرائع کے مطابق   پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیف جسٹس تعیناتی کے لئے پارلیمان کی کمیٹی کے لئے نام فائنل کرلیے گئے ہیں۔قومی اسمبلی سے بیرسٹر گوہر خان اور صاحبزادہ حامد رضا کانام دیا گیا ہے جبکہ  سینیٹ سے بیرسٹر علی ظفر کا نام کمیٹی کیلئے  دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے نام : 

چیف جسٹس تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے لیے مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے نام سامنے آ گئے۔ذرائع کے مطابق   ایم کیو ایم نے ڈاکٹر فاروق ستار کو کمیٹی کے لیے نامزد کیا ہے جبکہ   مسلم لیگ ن کی جانب سے احسن اقبال، خواجہ محمد آصف اور شائستہ پرویز ملک کے نام دئیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ن لیگ نے سینیٹ سے اعظم نزیر تارڑ کا نام تجویز کر دیا ہے۔

مزیدخبریں