پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے
07:31 AM, 21 Sep, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خطے میں ہندوستان کی مقبوضہ کشمیر میں بدامنی اور مظالم کسی کو نظر نہیں آتے، اقوام متحدہ کا رکن ہونے کے باوجود ہندوستان کے ظلم، بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو دوہرا معیار ختم کرنا ہوگا، افغانستان میں امن کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو عالمی برادری سراہا رہی ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے، پاکستان عالمی امن و استحکام کے لئے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے، اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کی خدمات اس امر کا عملی نمونہ ہے، عالمی امن و استحکام کے لئے اب تک پاک فوج کے 161جوان شہید ہوچکے ہیں،پاکستان کی 22 کروڑ عوام عالمی امن کے قیام کے لئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن افغانستان ہی پرامن پاکستان ہے، آج کے دن ہم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ،جنہوں نے دائمی امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ، پاکستان نہ صرف اپنی دھرتی بلکہ عالمی امن کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔