بم کی اطلاع کے باوجود انگلینڈ، نیوزی لینڈ سیریز جاری

11:05 AM, 21 Sep, 2021

اویس
لیسسٹر( ویب ڈیسک ) انگلینڈ میں جاری ویمن ون ڈے کرکٹ سیریز کے دوران ہوٹل میں بم کی اطلاع ۔ نیوزی لینڈ ، انگلینڈ سیریز جاری رکھی جانے کے اعلان نے پاکستان کیخلاف تعصب کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر لیسسٹر میں نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم انگلینڈ کے ساتھ سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ کھیلنے کیلئے پہنچی، جس ہوٹل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم رکی ہوئی تھی وہاں پر کیوی ٹیم مینجمنٹ کے اہم رکن کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی دی گئی اور بتایا گیا کہ ہوٹل میں کسی جگہ پر بم نصب کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے اس امر کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا گیا ہے کہ ہوٹل میں بم کی دھمکی ملی ہے اور اس دھمکی کے بعد ٹیم کی ٹریننگ کینسل نہیں کی گئی بلکہ سفر والے دن نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کی کوئی ٹریننگ تھی ہی نہیں، دھمکی کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں سیریز کے دوران ہوٹل میں بم کی دھمکی ملی ہے لیکن سیریز منسوخ تو دور کی بات ٹریننگ سیشن بھی روکنے کی بات نہیں کی گئی ، جبکہ پاکستان میں نیوزی لینڈ کیساتھ میچ سے قبل ہی سیریز کو منسوخ کر دیا گیا، کھیلوں کے عالمی ماہرین اس دوہرے معیار پر مسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔
مزیدخبریں