توہین عدالت کیس:عمران خان پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی

08:50 AM, 21 Sep, 2022

احمد علی
خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکیاں دینے سے متعلق توہین عدالت کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکلر جاری کر دیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ لارجر بینچ 22 ستمبر دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا اور کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گی۔ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں ہی موجود رہیں گے اور اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے لا افسران کو بھی کمرہ عدالت میں آنے کی اجازت ہو گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سرکلر کے مطابق کورٹ ڈیکورم برقرار رکھنے کیلئے پولیس سکیورٹی اور اسلام آباد انتظامیہ انتظامات کرے. اسلام آباد ہائیکورٹ کل توہین عدالت کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرے گی۔ واضح رہے کہ خاتون جج کو دھکیوں سے متعلق توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم کو غیر مشروط معافی مانگنے کے لیے دو مواقع فراہم کیے تھے، تاہم عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگنے کے بجائے اپنے الفاظ واپس لینے اور آئندہ محتاط رویہ اختیار کرنے کا جواب عدالت میں جمع کرایا تھا۔
مزیدخبریں