یوٹیو ب پر شارٹس ویڈیوز سے پیسے کمانا ممکن ہوجائے گا
12:14 PM, 21 Sep, 2022
یوٹیوب کی جانب سے نئے پروگرام کو متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین اب شارٹس ویڈیوز سے پیسے کما سکیں گے۔ دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب کی جانب سے پلیٹ فا رم کے مونیٹائزیشن سسٹم کو وسعت دینے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں زیادہ تخلیق کار یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بن سکیں گے۔ 2023 کے آغاز سے شارٹس ویڈیوز پوسٹ کرنے والے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے کے لیے درخواست دے سکیں گے، اس کے کیلئے صارفین کو 90 دن کے اندر 1 ہزار سبسکرائبرز اور 1 کروڑ شارٹس ویوز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔ جو لوگ اس پروگرام کا حصہ بن جائیں گے وہ شارٹس اور طویل دورانیے کی ویڈیوز میں اشتہارات کے ذریعے پیسے کما سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ طویل دورانیے کی ویڈیوز بنانے والے صارفین بھی 1 ہزار سبسکرائبرز اور4 ہزار واچ آورز کا ہدف حاصل کرکے پارٹنر بننے کی درخواست دے سکتے ہیں۔ یوٹیوب کی جانب سے شارٹس کیلئے بھی اپنی نوعیت کا پہلا ریونیو شیئرنگ ماڈل متعارف کرایا گیا ہےاس پر 2023 سے کام شروع ہوگا۔ اس ماڈل کے تحت اشتہارات سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم میں سے 45 فیصد صارفین کو مل سکے گی، جبکہ باقی رقم شارٹس ویوز کی بنیاد پر میوزک لائسنس رکھنے والوں اور دیگر میں تقسیم کی جائے گی۔ اس حوالے سے یوٹیوب creator میوزک نامی سیکشن بھی متعارف کرائے گی۔جس سے صارفین میوزک کیٹلاگ تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے اور میوزک لائسنس بھی خرید سکیں گے جس سے ان کے لیے زیادہ آمدنی کا حصول ممکن ہوجائے گا۔ اس وقت یہ فیچر امریکا میں بیٹا ورژن میں دستیاب ہے اور 2023 میں دیگر ممالک میں متعارف کرایا جائے گا۔