نائلہ کیانی مناسلوسر کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئیں
10:33 AM, 21 Sep, 2023
لاہور : پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک بار پھر تاریخ رقم کردی ہے ، وہ 8 ہزار 163 میٹر بلند مناسلو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں ہیں۔ نیپال میں واقع ماؤنٹ مناسلو دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی ہے، نائلہ نے گذشتہ شام 6بجے کیمپ2 سے سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی اور آج صبح سوا 7بجے مناسلو کے ٹاپ پر پہنچیں۔ نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، نائلہ اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔ نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک کے ٹاپ پر بھی جانے والی نائلہ پہلی پاکستانی خاتون تھیں۔ نائلہ اس سیزن میں چین کی چوایو اور شیشاپنگما بھی سر کریں گی، نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔ نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی شہر کے علاقے گجر خان سے ہے، انھوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کر رکھا ہے ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے بھی دوسری مرتبہ دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو کو سر کیا ہے ۔ اس سے قبل پاکستان کے ساجد سدپارہ نے گزشتہ سال مناسلو کے حقیقی سمٹ کو سر کیا تھا۔