ویب ڈیسک: تحریک انصاف کو آج لاہور میں جلسے کی اجازت دی گئی ہے تاہم پنجاب حکومت اور پولیس نے بھی جلسہ کے حوالے سے حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے تحت رات گئے راولپنڈی پولیس کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران سے کہا گیا ہے کہ شہر ،کینٹ یا دیہی علاقے سے ریلی کی صورت میں جلسے میں شرکت کے لیے جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم انفرادی طور پر جانے والوں کونہیں روکا جائے گا۔
اسی طرح رات گئے پولیس نے الرٹ ظاہر کرنے کے لیے ضلع بھر میں تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماؤں و کارکنوں کے گھروں پر ڈور ناکنگ بھی شروع کردی ڈور ناکنگ مہم میں پولیس تھانوں کی سطح پر تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماؤں و کارکنوں کے گھروں پر جاکر ان کے متعلق دریافت کر رہی ہے تاہم اکثر رہنما و کارکن پہلے ہی انڈر گراؤنڈ ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس آفیسر کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ اعلٰی سطح سے ہدایات ہیں کہ ریلی و جلوس کی شکل میں جلسے میں جانے کے لیے موبلائزیشن نہیں ہونے دینی جس کے لیے ہفتے کی صبع سے شہر کی اہم شاہراہوں و داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی خصوصی پکٹیں بھی لگائی جائیں گیں۔