لاہورجلسہ:پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کےگھروں پر چھاپے،سینکڑوں گرفتار

11:26 AM, 21 Sep, 2024

ویب ڈیسک: لاہورجلسے سے قبل پنجاب بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور 5کارکنان کوگرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پیرمحل کی تحصیل بھر سے پی ٹی آئی کے 5 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔تھانہ اروتی پولیس نے 3کارکن جبکہ تھانہ صدر نے 2کارکن گرفتار کئے۔کارکنوں کو لاہور جلسے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی جلسے سے قبل پارٹی رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ اور نظر بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سنیئر نائب صدر اکمل خان باری سمیت دیگر چار رہنما وں کی نظر بندی کے احکامات جاری کردیے۔

جڑانوالہ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ میں تھانہ بچیانہ پولیس نے تحریک انصاف کے سرگرم کارکنان کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے 5کارکنان کو گرفتار کر لیا،کارکنان کو مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا،گرفتار ہونے والوں میں عثمان ،محمد علی ،محمد سہیل ، عمران اور منیر احمد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے ہی پی ٹی آئی کارکنوں اور ان کے رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیش نظر انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیے تھے۔ پنجاب پولیس نے 9 مئی کے مفرور 37 سو افراد کو لاہور جلسے کے موقع پر گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لاہور میں آج ہونے والے جلسے کی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ ملک بھر سے چھوٹے بڑے قافلے لاپور کی طرف گامزن ہیں۔ اب اطلاع آئی ہے کہ ڈپٹی کمشنرنے نظربندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری سمیت چار رہنماؤں کو 30 دن کےلیے کوٹ لکھپت جیل میں نظربند کردیا گیا۔ نظربندی کے احکامات 3ایم پی او کے تحت جاری کیےگئے ۔

پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جلسے میں شرکت روکنے کے لیے رات گئے پی ٹی آئی کا سر گرم کارکن گرفتار کر لیا۔گرفتار کارکن کی شناخت رانا زکی کے نام سے ہوئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز لاہور گلبرک میں پولیس نے پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر دھاوا بول دیا تھا پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں تصادم بھی ہوا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے پتھراؤ کیا تو پولیس نے بھی ہوائی فائرنگ کی۔

جس کے بعد پولیس نے پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا، کارکنوں کو پریزن وین میں ڈال کرتھانے منتقل کردیا گیا۔

ساتھی کارکنان کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین نے منی مارکیٹ سڑک بلاک کرکے ٹائر کو آگ لگا دی۔ جس سےشہریوں کو آمدرفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وہاڑی میں بھی آئی ایس ایف ضلعی صدررانا محسن منہاس سمیت 4 افراد گرفتار کر کے 30 دن کے لئے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وہاڑی میں موجود دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں