ویب ڈیسک :تھائی لینڈ میں 13 فٹ لمبے اژدھے نے ایک 64 سالہ خاتون کو ان کے گھر پر تقریباً دو گھنٹے تک دبوچے رکھا جس کے بعد مدد پہنچنے پر انہیں بچا لیا گیا۔
تھائی میڈیا رپورٹس کے مطابق اژدھے نے اروم ارونروز نامی خاتون کو متعدد بار کاٹا اور خود کو ان کے گرد لپیٹ کر دبوچتا رہا جب کہ خاتون اس دوران خود کو آزاد کرنے کی جدوجہد میں مصروف رہیں۔ ارونروز نےبتایا کہ اژدھے کا سر پکڑنے کی کوشش کے باوجود اس نے انہیں نہیں چھوڑا۔
بنکاک کے جنوب میں واقع صوبے سموت پرکان میں اپنے گھر پر رات 8.30 بجے کے قریب رات کے کھانے کے بعد ارونروز نہا رہی تھیں جب انہیں پہلی بار کاٹے جانے کا احساس ہوا۔انہوں نے اژدھے سے لڑنے کی کوشش کی اور مدد کے لیے پکارا لیکن کسی نے ان کی آواز نہیں سنی۔
تقریباً دو گھنٹے کے بعد ایک پڑوسی نے ان کی بے ہوشی کی حالت میں چیخنے کی آواز سنی اور اس نے مدد کے لیے پکارا۔سارجنٹ میجر انوسورن وونگمالی انوسورن نے کہا کہ خاتون کا شاید تھوڑی دیر کے لیے گلا گھٹ گیا تھا کیونکہ ان کی جلد پیلی پڑ گئی تھی۔رپورٹس کے مطابق اس اژدھے کا وزن تقریباً 20 کلو گرام تھا۔
خاتون کو اژدھے کی گرفت سے چھڑانے میں 30 منٹ سے زیادہ کا وقت لگا۔ اژدھے کو خاتون سے علحیدہ کیا تو یہ تیزی سے ایک قریبی جنگل میں فرار ہو گیا اور پکڑے جانے سے بچ گیا کیونکہ ریسکیو اراکین نے متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد دینے اور ہسپتال لے جانے کو ترجیح دی۔