ویب ڈیسک:میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ MDCAT میں نقل کی روک تھام کیلئے بڑااقدام۔26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں داخلہ ٹیسٹ کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی،امتحانی مراکز کے گرد موبائل سگنلز صبح 9:30 سے دوپہر 1:30 تک معطل رہیں گے۔وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت پنجاب کی سفارش پر پی ٹی اے کو ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے محکمہ صحت کی سفارش پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کیلئے پنجاب کے 26 امتحانی مراکز کی لوکیشن کوآرڈینیٹس پی ٹی اے کو ارسال کردی گئیں،داخلہ ٹیسٹ کیلئے پنجاب کے 12 اضلاع میں 26 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں،تمام 26 امتحانی مراکز کے 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رہیں گی۔
پنجاب کے 12 شہروں میں اتوار 22 ستمبر کو داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد ہوگا،پنجاب کے 12 اضلاع میں قائم امتحانی مراکز میں 82,500 امیدوار امتحان میں شامل ہوں گے،لاہور، گوجرانولہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ساہیوال، راولپنڈی، سرگودھا، گجرات، رحیم یار خان سے امیدوارشامل ہوں گے۔