’’عمران خان کو ایک ایک روپے کا حساب دینا ہو گا‘‘

کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جس ملک کا حکمران کرپٹ ہو، وہاں کی معیشت کبھی مستحکم نہیں ہوسکتی، عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے پی ٹی آئی کی اشرافیہ کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھورہی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان وزیروں اور مشیروں کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنی نااہلی اور کرپشن پر پردہ نہیں ڈال سکتے، گیس اور بجلی کی مد میں اربوں روپے کا ٹیکس بھی کیا پی ٹی آئی کی وزرا کی کرپشن کی نذر ہوچکا ہے؟ وزیراعظم صاحب! ملکی خزانے کے مالک پاکستان کے عوام ہیں، آپ کو ایک ایک روپے کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس بڑھا کر ٹیکس ٹارگٹ پورا کرنے کا ڈرامہ کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹ رہی ہے، پہلے عمران خان ٹیکس زیادہ کرکے عوام کو لوٹتے ہیں اور پھر عوام کے ان پیسوں سے بننے والے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن ہوتی ہے، ٹیکسوں کے نام پر عوام سے اربوں روپے وصول کرنے والی حکومت کی دیانت داری عوام کی نظروں میں مزید مشکوک ہوچکی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی ادارے ملک میں کرپشن میں اضافے کے انکشافات کرکے عمران خان کی خودساختہ ایمان داری کی دھجیاں اڑاچکے ہیں، عمران خان اتنے نااہل ہیں کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں بھی اب اپنے اعتماد کو کھوچکے ہیں، صرف اقتدار کو حاصل کرنے کے لئے جھوٹے دعوے کرنے والا شخص ملک و قوم سے مخلص نہیں ہوسکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں