آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا

03:31 PM, 22 Apr, 2023

احمد علی
راولپنڈی : چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج باجوڑ ، خیبر پختونخوا میں پاک افغان بارڈر پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، افواجِ پاکستان ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، محافظینِ پاکستان دشوار راستوں ، سخت موسمی حالات اور اپنے پیاروں سے دور ہونے کے باوجود، اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں، ملکی سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ عید کے دن مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے خصوصی طور پر شُہداء کے اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ، آرمی چیف نے جوانوں اور آفیسرز کی آپریشنل تیاری اور مستعدی کو سراہا۔ کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
مزیدخبریں