عمران خان کی درخواست ضمانت، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعتراضات لگا دیے

07:42 AM, 22 Aug, 2022

احمد علی
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعتراضات عائد کر دیے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 3 اعتراضات عائد کیے ہیں۔ ذرائع رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرایا، اعتراض کیا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت میں جانے کی بجائے ہائیکورٹ کیسے آگئے؟ ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے یہ اعتراض بھی عائد کیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے مقدمے کی مصدقہ نقل فراہم نہیں کی گئی۔ بعد ازاں عمران خان کی درخواست ضمانت اعتراضات کے ساتھ آج ہی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس، جسٹس عامر فاروق کیس کی سماعت کریں گے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے دہشتگردی کے مقدمے میں عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مزیدخبریں