11 سال پہلے گم ہونے والا بلا مالکن کے پاس واپس پہنچ گیا

04:31 PM, 22 Aug, 2024

 ویب ڈیسک :امریکی ریاست جنوبی کیرولائینا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے گیارہ سال پہلے اپنا بلا کھو دیا تھا جس کے بعد سے وہ کسی اور بلے کو گود نہیں لے سکیں۔
جینیفر ریوینل نامی خاتون نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ وہ کبھی بھی اپنے بلے سیم کو بھلا نہیں سکیں جسے انہوں نے کئی سال پہلے ایک درخت کی شاخ سے لٹکے ہوئے ریسکیو کیا تھا۔
 لیکن اب گیارہ سال بعد سیم سیم اپنی مالکن کی گود میں واپس آ گیا ہے اور اس کی وجہ وہ مائیکروچِپ ہے جو بلے کی شناخت کے لیے اس پر لگائی گئی تھی۔
 رواں ماہ جنوبی کیرولائینا کا چارلسٹن کاؤنٹی اینیمل کنٹرول سیم کا پتا لگانے میں کامیاب ہو گئے۔ اینیمل کنٹرول سینٹر نے سیم کو جینیفر ریوینل کے گھر سے ایک میل دور دیکھا اور اس کو پکڑ کر لے گئے۔
بلے کا مائیکروچِپ سکین کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ سیم ہی ہے اور ساتھ ہی اس کی مالکن کو یہ خوشخبری سنائی۔
جنیفر کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر پہلے تو انہیں لگا کہ ان کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں لیکن ان کے خیال میں بلے کا مل جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔
سینٹر کے اہلکار جینیفر کو ایک کمرے میں لے گئے جہاں سیم کو پنجرے میں رکھا ہوا تھا۔
اپنے پالتو بلے کو دیکھتے ہی جینیفر کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے اور انہوں نے بتایا کہ گیارہ سال سے انہوں نے کسی بلی کو اپنے ہاتھوں میں نہیں اٹھایا۔
سیم جب غائب ہوا تو اس وقت اس کا وزن 15 پاؤنڈ تھا اور اب گیارہ سال بعد اس کا وزن اس سے بھی آدھا رہ گیا ہے۔

مزیدخبریں