صادق آباد: کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا پولیس کے قافلے پر حملہ، 11 اہلکار شہید

09:36 PM, 22 Aug, 2024

(ویب ڈیسک ) کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے پولیس کے قافلے پر حملے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

صادق آباد میں کچے کے علاقے میں پولیس کی 2 موبائلز پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ ڈاکوؤں کے حملے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے راکٹوں سے حملہ کیا۔ پولیس کی دونوں  موبائلز بارش  کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔

صدر مملکت آصف زرداری کی مذمت: 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے رحیم یار خان میں پولیس قافلے پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے کی مذمت  کی ہے۔انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔

صدر مملکت نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی  کی ضرورت پر زور  دیا۔انہوں نے کہا کہ    پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اِداروں پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

صدر مملکت نے واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔  پولیس اہلکاروں کے لیے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس گاڑیوں پر ڈاکوؤں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے حملے میں 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور  زخمی پولیس اہلکاروں کے لئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ  شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہادت کا بلند رتبہ پانے والے پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 

آئی جی پنجاب کا نوٹس: 

ادھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے  نوٹس لیتے ہوئے   آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ  کچہ کے علاقے میں پولیس کی 02 گاڑیاں ہفتہ وار ڈیوٹی کرکے واپس آ رہی تھیں، ایک گاڑی خراب ہوئی، اچانک راکٹ لانچرز سے حملہ ہوا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ   ابھی تک پولیس کے 05 سے 06 اہلکاروں کی شہادت کی اطلاعات ہیں، ڈی پی او رحیم یار خان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں،مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب کا ردعمل : 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف رحیم یار خان کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج اوردکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ماچھکہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت  کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف  نے لاپتہ پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرانے کیلئے آپریشن کا حکم بھی دے دیا۔


مریم نواز نے   زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی اور   آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے میں جامع شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔

مزیدخبریں