قلات میں اومی کرون کے 32 مشتبہ کیسز سامنے آگئے

01:14 PM, 22 Dec, 2021

احمد علی
کوئٹہ: قلات میں کورونا ایمی کرون کے 32 مشتبہ مریض سامنے آگئے، حتمی تشخیص کے لیے نمونے لیبارٹری ارسال کردیے گئے۔ میڈیا پر آنے والی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون پھیلنے کے خدشات سامنے آئے ہیں، قلات میں 32 مشتبہ مریض سامنے آگئے جس کے باعث طبی حلقوں میں خوف پھیل گیا۔ انچارج کورونا آپریشن سیل نے مشتبہ مریضوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کے نمونے تصدیق کے لیے این آئی ایچ ڈی بھجوائے جارہے ہیں جس کے بعد ہی کچھ کہنا درست ہوگا۔ دوسری جانب برطانیہ میں کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کے پیش نظر برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں پر چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں کے تمام مسافروں کے ائیر پورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ کہا گیا کہ برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں کو ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ ائیر پورٹس پر تمام مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ مکمل کرلیے جائیں۔ برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کا پرواز سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔ سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ اقدامات برطانیہ میں کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کے کیسز کے باعث کیے جارہے ہیں۔
مزیدخبریں