'جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا'

02:43 PM, 22 Dec, 2022

احمد علی
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری دو صوبوں میں حکومت ہے، 66فیصد حصےمیں ہماری حکومت ہے، اس کے باوجود الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں کیوں کہ ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ گورنر ہاؤس پنجاب کے سامنے پی ٹی آئی نے احتجاج کیا اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مظاہرین سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔اس دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے کہا کہ 70 سال میں قوم کو اس طرح اندھیرے میں جاتے نہیں دیکھا، ہماراملک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے، ہماری جوحکومت گرائی گئی اس دور میں سب سے زیادہ گروتھ ریٹ تھا، اس حکومت کو ایک آدمی نےگرایا۔ عمران خان نے کہا کہ میں سب اداروں سےبات کر رہا ہوں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سے بات کر رہا ہوں، یہ سب کی جنگ ہے سوائے ان لوگوں کے جن کے پیسے باہر پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم ایک ہی پیغام دے رہی تھی کہ چوروں کے ٹولے کو قبول نہیں کررہے، 70 فیصدپاکستانی کہتے ہیں مسائل کا حل صاف شفاف الیکشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ اس پارٹی کو ختم کرنا ہے، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ عمران خان کو ختم کرنا ہے، نااہل کرنا ہے۔ دھاندلی کے باوجود ضمنی الیکشن ہم جیت رہے تھے، پھر فیصلہ کیا گیا کہ مجھے مار کر ہٹایا جائے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ہٹاکر چوروں کو بٹھادیا گیا جس کے بعد ہمیں برابھلا کہنے والے بھی چوروں کو دیکھ کر ہمارے ساتھ کھڑے ہوگئے۔ ہم سے ایسےدشمنی کی گئی جیسےہم غدار ہیں۔ عمران خان نے خطاب میں کہا کہ ملک میں ٹیکس کلیکشن کم ہوتی جارہی ہے، آج فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، مزدور بے روزگار ہورہے ہیں، ڈالر کم آرہے ہیں، قرضے بڑھتے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کیلئے ڈالر نہیں، کسی طبقے کو روشنی نظر نہیں آرہی، امید ختم ہوگئی ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
مزیدخبریں