گوجرانوالہ:یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز سمیت مزید2 ملزمان گرفتار

11:05 AM, 22 Dec, 2024

ویب ڈیسک: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) گوجرانوالہ نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں محمد اسلم اور سعید احمد شامل ہیں، ملزم محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے۔

گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیائے، ملزم نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا بھجوایا بعد ازاں ملزم نے متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہری لاپتہ ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں انسانی سمگلر کو گجرات سے گرفتار کیا گیا، ملزم جعلی سفری دستاویزات بنوانے میں ملوث ہے اور جعلی دستاویزات کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کرتا رہا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں، ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔ 

خیال رہے کہ چند روز قبل یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد متعدد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک جب کہ کئی لاپتا ہوگئے تھے، بعد ازاں یونانی حکام نے لاپتا افراد کو مردہ قرار دیتے ہوئے ان کی تلاش اور ریسکیو کے لیے جاری آپریشن روک دیا تھا جس کے بعد سانحے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی تھی۔

مزیدخبریں