ہر کوئی الیکشن ٹریبونلز کے فیصلوں کے خلاف رٹ دائر کررہا ہے، چیف جسٹس

02:44 PM, 22 Jan, 2024

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ میں بلوچستان کے صوبائی حلقہ پی بی ایک شیرانی کاغذات نامزدگی کیس میں عدالت نے جے یو آئی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نواز کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئےبلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کردی۔

تفصیلا ت کے مطابق سپریم کورٹ میں بلوچستان کے صوبائی حلقہ پی بی ایک شیرانی کاغذات نامزدگی کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔

عدالت نے جے یو آئی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نواز کے کاغذات نامزدگی درست قرار دینے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا،عدالت نے بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کردی۔

 چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ  فیکچول سوالات میں جانا ہمارا کام نہیں بلکہ الیکشن ٹربیونل کا کام ہے،الیکشن کمیشن آزاد آئینی ادارہ ہے،الیکشن کمیشن کو اپنا کام کرنے دیں، ہر کوئی الیکشن ٹربیونلز کے فیصلوں کیخلاف رٹ دائر کر رہا ہے،ٹربیونل میں بھی ہائی کورٹ کے ہی ججز ہیں،الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرکے اسے انٹرا کورٹ اپیل بنا دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے مزید ریمارکس دیئے کہ جائیں جاکر الیکشن لڑیں،ایسی چھوٹی چھوٹی چیزوں پر درخواستیں نہیں آنی چاہیں،ہر کوئی ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف رٹ میں جا رہا ہے،الیکشن کمیشن کوئی نجی ادارہ نہیں آئینی ادارہ ہے۔

یاد رہے کہ جے یو آئی ف کے امیدوار کیخلاف اہلیہ کےمکمل اثاثے ظاہر نہ کرنے پر بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ڈاکٹر نور اللہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مزیدخبریں