روغنی جلد اور بالوں کے مسائل، پھٹکری کا استعمال بہت موثر

04:22 AM, 22 Jun, 2022

احمد علی
بالوں اور جلد سے متعلق مسائل سے نجات کے لیے پھٹکری کا استعمال فائدہ مند ہے۔ اگر آپ روغنی جلد اور بالوں کی کمزوری سے پریشان ہیں تو پھٹکری کے استعمال سے آپ اس سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔ اس میں پائے جانے والے اینٹی سیپٹک خصوصیات تیل والی جلد اور بالوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تفصیل کے مطابق ہمارے کچن میں پائی جانے والی اکثر چیزیں ایسی ہوتی ہیں، جو کھانے کا ذائقہ بڑھانے، دوا کے طور پر استعمال ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری خوبصورتی میں بھی اضافہ کرتی ہیں۔ بشرطیکہ ہمیں اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے کہ ہم ان کو کس طرح استعمال کر سکتے ہیں۔ آج ہم کچن میں استعمال ہونے والی ایک ایسی ہی چیز کے بارے میں بتا رہے ہیں جو کسی دوا سے کم نہیں ہے۔ پھٹکری عموماً ہر کسی کے کچن میں موجود ہوتی ہے۔ یہ کچن کی ضروریات سے لے کر صحت سے متعلق کئی قسم کے مسائل کو دور کرنے میں مددگار ہے۔ اگر آپ کی جلد پھٹ جائے تو اس کو بھرنے کیلئے بھی پھٹکری بہت ہی موثر ہے۔ اس کے لیے آپ کو پھٹکری کے پاؤڈر کی ضرورت ہوگی۔ پھٹکری کے پاؤڈر کو تھوڑی دیر پانی میں ڈال کر رکھ دیں۔ پاؤڈر گھلنے کے بعد اس پانی کو چھان لیں اور اس میں عرق گلاب ملا دیں۔ اب اس پانی کو چہرے پر چھڑکیں اور کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔ پھر صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔ یہ آپ کے لیے بہترین ٹونر ثابت ہوگا۔ چاہے دانتوں میں درد ہو یا مسوڑھوں میں زخم آ جائے تو اس سچویشن میں پھٹکری کو گرم پانی میں ڈال کر غرارے کرنا بہت ہی فائدہ مند ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پھٹکری کے استعمال سے ہر قسم کے دانوں کے نشانات اور سیاہ دھبے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ اس کے لیے پھٹکری کے محلول کو چہرے کے داغ پر 20 منٹ تک رکھیں اور پھر چہرے کو صاف پانی سے دھو لیں۔ ایسا کرنے سے آپ کے تمام داغ چند دنوں میں ٹھیک ہو جائیں گے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ پھٹکری آنکھوں میں نہ جائے۔ اگر آپ کی جلد زیادہ روغنی ہے تو آپ پھٹکری کو فیس ماسک کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ فیس ماسک بنانے کے لیے ملتانی مٹی میں تھوڑی مقدار میں پھٹکری کا پاؤڈر ملائیں۔ اس میں تھوڑا سا عرق گلاب ملا کر چہرے پر لگائیں۔ ماسک خشک ہونے کے بعد چہرہ دھو لیں۔ آپ اسے ہفتے میں ایک بار استعمال کر سکتے ہیں۔ اکثر لوگوں کو بالوں کی دیکھ بھال میں کافی پریشانی ہوتی ہے۔ اگر آپ کے بال آئلی ہیں تو آپ پھٹکری کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس ہیئر ماسک کو بنانے کے لیے ملتانی مٹی میں تھوڑا سا پھٹکری کا پاؤڈر ملائیں۔ اب اس پیسٹ کو بالوں کے ماسک کی طرح پورے سر پر لگائیں۔ کچھ دیر بعد بالوں کو صاف پانی سے دھو لیں۔
مزیدخبریں