عتیق الرحمان کیساتھ شادی کا تنازعہ، اداکارہ میرا کی اپیل خارج

07:56 AM, 22 Jun, 2022

احمد علی
لاہور ہائیکورٹ نے عتیق الرحمان کیساتھ شادی کے تنازعہ پر اداکارہ ارتضیٰ رباب عرف میرا کی اپیل خارج کر دی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس انوار حسین نے اداکارہ ارتضی رباب عرف میرا کی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے اداکارہ میرا اور ان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر اپیل عدم پیروی خارج کی۔ عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بار بار کیس کال کرنے کے باوجود اداکارہ میرا اور ان کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ میرا نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ سیشن کورٹ نے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمن کے نکاح کو درست قرار دیا تھا۔ یہ بھی پڑھیں: اداکارہ میرا، عتیق الرحمان کی بیوی قرار، تکذیب نکاح کی اپیل مسترد خیال رہے کہ رواں سال فروری میں لاہور کی ایک مقامی عدالت نے پاکستانی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیتے ہوئے تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کردی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے اداکارہ میرا کی اپیل پر فیصلہ سنایا تھا۔ فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف میرا نے اپیل دائر کر رکھی تھی۔ فیملی کورٹ نے بھی اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیا تھا۔ اداکارہ میرا کا مؤقف تھا کہ وہ عتیق الرحمان کی بیوی نہیں ہیں اور عتیق الرحمان نے جعلی نکاح نامہ تیار کرایا۔ واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے جولائی 2009ء میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ فیملی کورٹ نے 9 سال بعد 2018ء میں فیصلہ سناتے ہوئے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے دیا تھا۔ فیملی جج بابر ندیم نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں اداکارہ میرا کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے عتیق الرحمان سے ان کے نکاح کو حقائق پر مبنی قرار دیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ میرا کا نکاح نامہ حقائق پر مبنی ہے اور نکاح خواں نے باقاعدہ نکاح نامے کی تصدیق بھی کی۔ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان تنازع ایک گھر سے شروع ہوا۔ تاہم اداکارہ میرا کے وکیل کا ابتدا سے موقف تھا کہ عتیق الرحمان سستی شہرت کے لیے میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں اور ان کے پاس نکاح ثابت کرنے کے لیے کوئی اصلی دستاویزات بھی موجود نہیں ہیں۔
مزیدخبریں