'چینی بینکوں سے2.3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا'

12:10 PM, 22 Jun, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ چینی بینکوں سے2.3 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر خزانہ مفتاح اسمایل نے کہا کہ چینی بینکوں کے کنسورشیم نے آج قرض کی سہولت پر دستخط کردئیے ہیں۔چینی بینکوں سے 2 عشاریہ 3ارب ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ فنڈز چند دنوں میں پاکستان کو موصول ہوجائے گے، اس وقت میں ہماری مدد کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ۔ اس سے قبل پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایک سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس کے تحت وفاقی حکومت عوام پر مزید ٹیکس عائد کرے گی جبکہ پیٹرولیم لیوی میں 50 روپے فی لیٹر تک اضافے کا وعدہ بھی کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی حکام پر اپنی کڑی شرائط عائد کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر پاکستان ان پر عملدرآمد کر لیتا ہے تو پاکستان کیلئے پروگرام کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی حکام نے سمجھوتہ کیا ہے کہ حالیہ وفاقی بجٹ میں عوام پر تقریباً 436 ارب روپے کے مزید ٹیکسوں کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی بتدریج اضافہ کرنے کی حامی بھری گئی ہے۔ یہ حالیہ پیشرفت وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی آئی ایم ایف حکام کیساتھ ایک آن لائن اجلاس کے بعد سامنے آئی ہے۔
مزیدخبریں