کراچی میں‌بارش،مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 2 زخمی

06:11 PM, 22 Jun, 2022

احمد علی
کراچی: صوبائی دارالحکومت کےمختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں میں بارش کے باعث حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے ہیں ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق محمودآباد اشرف کالونی میں دیوار گرنے سے 1بچہ جاں بحق ہوگیا، ملیر ملت ٹاؤن، محمودآباد، موسمیات اور گلستان جوہر میں حادثات ہوئے۔ دوسری جانب کراچی میں محکمہ موسمیات کیجانب سے ممکنہ بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد ایڈشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر کراچی پولیس کیلئے اہم ہدایات جاری کر دی گئیں،کراچی پولیس چیف نے بارشوں کے دوران تمام فیلڈ کمانڈرز کو اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کردیں۔ ٹریفک پولیس بارش کے دوران اور بعد میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،شہر میں تعینات تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور ٹریفک کے ایس اوز اپنے اسٹاف کے ہمراہ سڑکوں پر موجود رہینگے۔ ترجمان کے مطابق اسپیشل سکیورٹی یونٹ نے رین ایمرجنسی یونٹ کو بھی ممکنہ اربن فلڈنگ کی صورت حال سے نبزد آزما ہونے اور عوام کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایات کردی ہے، گشت پر مامور پولیس کی گاڑیوں کو ضروری اوزار، ٹیوب اور بارش میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے میں استعمال ہونے والے آلات سے لیس کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ بجلی کی تاروں، کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہیں۔عوام کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس مددگار 15 پر فوری رابطہ کریں۔ کراچی پولیس تمام میسر وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کے تحفظ اور خدمت کو یقینی بنا رہی ہے۔
مزیدخبریں