ڈاکٹروں کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری،مریض دربدر

01:22 PM, 22 Jun, 2024

ویب ڈیسک: وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے حکم پر ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں طبی عملے کی گرفتاری کے خلاف لاہور کے سرکاری اسپتالوں کے آؤٹ ڈور وارڈز میں چوتھے روز بھی ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال، چلڈرن اسپتال، گنگارام اسپتال کی او پی ڈی میں ہڑتال کی گئی ہے۔ اسی طرح میو اسپتال، جنرل اسپتال، سروسز اسپتال کی او پی ڈیز بھی بند ہیں۔ 

ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز، سیکریٹری صحت معافی مانگیں۔ اس کے علاوہ ساہیوال کے ڈی پی او، ڈی سی کو معطل کیا جائے۔

صدر ینگ ڈاکٹرز شعیب نیازی نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

فیصل آباد میں بھی ڈاکٹروں کی ہڑتال:

ساہیوال میں ڈاکٹرز کی گرفتاری کے خلاف سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے۔

الائیڈ اسپتال ون، ٹو، چلڈرن اسپتال، جنرل اسپتال سمن آباد اور غلام محمد آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز سروسز کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔ 

ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ 

حافظ نعیم الرحمان کا ڈاکٹروں کے حق میں بیان:

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کو نوکری سے ہٹایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر یہاں ٹکتے ہی نہیں۔ لوگ یہاں سے نکلنا چاہتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج درست ہے۔ ڈاکٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ مریضوں کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی ڈاکٹروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزیدخبریں