پاکستان سعودی عرب کسا تھ برادرانہ تاریخی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے

06:14 AM, 22 Mar, 2022

احمد علی
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تاریخی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کا معترف ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی ملاقات ہوئی ہے، آرمی چیف اور سعودی وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی،علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تاریخی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اسلامی دنیا میں سعودی عرب کے منفرد مقام کا معترف ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے آرمی چیف نے اسے اہم تاریخی پیشرفت قرار دیا، سعودی وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار بالخصوص بارڈر مینجمنٹ کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے پاکستان کی جانب سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی کو بھی سراہا۔
مزیدخبریں