پتوکی: شادی ہال میں محنت کش کی ہلاکت، 12 ملزمان گرفتار

03:15 PM, 22 Mar, 2022

احمد علی
پاکستان کے صوبے پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں ایک شادی ہال میں باراتیوں کے مبینہ تشدد سے محنت کش محمد اشرف کی ہلاکت کے واقعے میں مقدمہ درج کر کے 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ڈی پی او قصور کے مطابق پولیس کی ٹیموں نے رات گئے کنگن پور، پتوکی اور سرائے مغل میں کارروائی کرکے ان افراد کو حراست میں لیا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو پتوکی کے ایک شادی ہال میں ایک پاپڑ بیچنے والے کے ساتھ باراتیوں کے تنازعے پر جھگڑا ہوا تو پھر وہاں موجود باراتیوں نے مبینہ طور پر انھیں تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔ اس واقعے کا مقدمہ محمد اشرف کے بہنوئی کی درخواست پر درج کیا گیا ہے اور مدعی کا کہنا ہے کہ وہ الجنت شادی ہال سے گزر رہا تھا کہ اس نے دیکھا کہ ان کے برادرِ نسبتی کو شادی ہال کے احاطے میں چند مقامی لوگ مار رہے تھے۔ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ افراد محمد اشرف کو مکے اور ٹھوکریں مار رہے تھے اور جب محمد اشرف کو چھڑایا گیا تو وہ بہت زخمی تھے اور پھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی وفات پا گئے۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب نے رات کو اس واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔ ان کے مطابق ڈی پی او قصور واقعے کی تفتیش اپنی نگرانی میں کر رہے ہیں، انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مزید افراد کو شامل تفتیش کرنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔
مزیدخبریں