شاد باغ سے اغوا طالبہ ساہیوال سے بازیاب

05:07 PM, 22 May, 2022

احمد علی
لاہور: پولیس کے مطابق دسویں‌جماعت کی طالبہ کو ساہیوال سے بازیاب کرالیا گیا،پولیس نے ملزمان عابد اور الیاس کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر لاہور شاد باغ سے اغوا ہونے والی طالبہ کو ساہیوال سے بازیاب کرالیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان عابد اور الیاس کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ شادباغ کے علاقہ سے دسویں جماعت کی طالبہ کے اغواء کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لیا تھا،عدالت نے حکم دیا تھا کہ پولیس مغوی طالبہ کو بازیاب کرکے عدالت پیش کرے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے رات 8 بجے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر آئی جی پنجاب اور سی سی پی او ہائیکورٹ پیش ہوئے، اس کے علاوہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جواد یعقوب اور عبدالعزیز اعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس طالبہ کے بازیاب نہ ہونے پر برہم ہوئے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ بچی کی ساہیوال میں تلاش جارہی ہے۔ جس پر چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ بچی آپکے ہاتھوں سے لیکر ساہیوال چلے گئے اور آپ کچھ نہ کر سکے، عدالت اس وقت اس لیے نہیں بیٹھی کہ آپ کو مہلت دے۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دس بجے تک بچی کو بازیاب کروالیں ورنہ عہدہ پر نہیں رہیں گے۔
مزیدخبریں