ویب ڈیسک: اسپیشل جج سینٹرل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانتی مچلکے منظور کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت ملنے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی، روبکار اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دس لاکھ روپے کے دو مچلکے طارق نون اور راجہ غلام سجاد نے دیئے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کسی اور مقدمہ میں گرفتار نہیں تو رہا کردیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بدھ کو توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کی تھی۔
عدالت عالیہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت دی گئی تھی۔