ویب ڈیسک: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے لڑکیوں کیلئے" پیاری بیٹی" آن لائن پورٹل اور ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا۔جس کے تحت نوعمر لڑکیوں کو بلوغت اور تولیدی صحت کے مسائل پر مستند رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق " پیاری بیٹی" پورٹل کا باضابطہ افتتاح وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کیا۔ لاہور کے مختلف اداروں میں رہنے والی یتیم بچیوں کیلئے آگاہی سیمینار کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
سیمینار "جئیں اعتماد کے ساتھ: ایک لڑکی کیلئے رہنما اصول" کا انعقاد ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ نے کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر رشدہ لودھی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دارالشفقت، کاشانہ، ایس او ایس ویلیجز کی 100 سے زائد بچیوں نے سیمینار میں شرکت کی۔
یو ایچ ایس پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا ہر ماہ مختلف یتیم خانوں اور سکولوں میں کیمپ لگانے کا اعلان کیا گیا۔ بچوں کو علاج معالجہ، سکریننگ، مختلف مسائل کے حل پر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
رشدہ لودھی نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں ویمن ایمپاورمنٹ کا سنہرا دور ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز اس کی سب سے بڑی دلیل ہیں۔ بچیاں محنت کریں، ان کیلئے میدان کھلا ہے۔ کالا کوٹ، سفید کوٹ کا ساتھ دے گا، یونیورسٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔یو ایچ ایس کے پیغام کو بند کمروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔
رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہر بچی اپنی پانچ سہیلیوں کو یو ایچ ایس کے پورٹل کے بارے میں بتائے۔ رشدہ لودھی نے ہال میں موجود بچیوں سے وعدہ لیا۔ بچیوں کو جو معلومات اور رہنمائی ہم فراہم کریں گے وہ مستند ہوگی۔
پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ جو شے نارمل ہے اس پر بات کرنے سے کیا گھبرانا۔ ماں باپ ہوں یا معاشرہ سب اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہیں۔ کوئی تنگ کرے یا خود غلطی ہو جائے تو بچیاں اپنے بڑوں سے بات کریں۔ بچیاں بلاجھجک اپنے مسائل سے آگاہ کریں، ہم ان کی رہنمائی اور مدد کریں گے۔ سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کو بچیوں کی بہبود کیلئے ہر قسم کا تعاون فراہم کریں گے۔
پرو وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم کا کہنا تھا کہ " پیاری بیٹی" پورٹل نوعمر لڑکیوں کیلئے اہم سنگِ میل ہے۔ نوعمر لڑکیوں کو انکی صحت اور زندگی کے حوالے سے ضروری رہنمائی فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ ایک ہی پورٹل کے ذریعے بچیوں کو جسمانی اور ذہنی صحت کے مسائل کے حل میں مدد فراہم کریں گے۔ پورٹل کو یو ایچ ایس کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے، ماہرین صحت مانیٹر کریں گے۔ بچیوں کی رہنمائی کیلئے ایک آسان فہم کتابچہ بھی شائع کیا گیا ہے۔ بچیاں ہفتے میں دو دن ہیلپ لائن نمبر 99232088 پر ماہرین صحت سے رابطہ کرسکیں گی۔
ماہرین صحت نے بلوغت کے جسمانی و جذباتی مسائل کو سمجھنے کیلئے سوال پوچھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ماہر امراض نسواں پروفیسر عالیہ بشیر نے بلوغت کے دوران پیش آنے والے جسمانی اور نفسیاتی مسائل پر روشنی ڈالی۔
ماہرامراض اطفال پروفیسر نجف مسعود نے کہا کہ یونیورسٹی نے وہی کام کیا جو کوئی والد اپنی بیٹی کیلئے کرتا ہے۔
ڈاکٹرلامیہ یوسف نے کہا کہ ورزش، اچھی خوراک اور صفائی ستھرائی لڑکیوں کیلئے ضروری ہے۔ مسائل سے گھبرانا نہیں۔
ڈی جی سوشل ویلفیئر پنجاب سکندر ذیشان نے یو ایچ ایس کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات کے فروغ کیلئے یو ایچ ایس کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہیں گے۔ پورٹل کے ذریعے یو ایچ ایس نے ایک حساس مسئلے پر بات کرنے کو آسان بنا دیا۔ نسلوں کو بولنے کیلئے سوچنے کا انداز بدلنا ہوگا۔