آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ طلب کرلی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

09:27 PM, 22 Nov, 2024

(ویب ڈیسک )   بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے ہنگامی میٹنگ طلب کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ 26 نومبر کو طلب کی گئی ہے جس میں بھارتی اور پاکستان کرکٹ بورڈ شریک ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ہنگامی میٹنگ میں تمام بورڈز ممبرز بھی شریک ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ ورچوئل ہو گی اور اس میں بھارتی ٹیم کے پاکستان جانے سے انکار پر بات چیت ہو گی اور آئی سی سی مختلف معاملات کو حتمی شکل دے گا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ  میٹنگ میں شیڈول ، فارمیٹ ، گروپ اسٹیج کے مقابلے سمیت پاک بھارت میچ پربات ہوگی۔اس کے علاوہ ہائبرڈ ماڈل کی صورت میں سیمی فائنلز اور فائنل کے انعقاد پر بھی بات چیت ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائبرڈ ماڈل کے رضامند ہونے یا نہ ہونے پر بھی اجلاس میں بات کی جائے گی۔

ادھر  ذرائع آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ہنگامی میٹنگ کے حوالے سے ابھی تک تصدیق نہیں کر سکتے، فی الحال آئی سی سی اجلاس کے حوالے سے چلنے والی خبروں کا کوئی علم نہیں۔

مزیدخبریں