’وزیر اعظم ! مرغی انڈوں سے معیشت بہتر نہیں ہوتی‘

کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے 90 روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے کا کہا تھا، آج ایک ہزار 11واں دن ہے، ملکی معیشت کب ٹھیک ہوگی ؟عمران خان نے عوام سے آج تک جتنے وعدے اور دعوے کئے، کسی ایک کو بھی پورا نہ کرسکے، ایک زرعی ملک کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر ایک طمانچہ ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کیلئے پرانی مردم شماری کے اعدادوشمار کا استعمال کیا، مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے عمران خان معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم صاحب، مرغیوں، انڈوں، بھینسوں اور کٹوں کی مارکیٹنگ سے ملکی معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، ملک میں جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، عمران خان مہنگائی کے سونامی کی تباہی کا شکار عوام کے سامنے سرنڈر کرکے جھوٹے دعوے کرنے پر معافی مانگیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں