دوہرے قتل کیس کا ملزم، اہم سیاسی رہنما فرار

04:35 AM, 23 Apr, 2022

احمد علی
پشاور: (ویب ڈیسک) دوہرے قتل کیس کے مرکزی ملزم خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن اسمبلی فیصل زمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان پر پی ٹی آئی کے دو رہنمائوں کے قتل کا الزام ہے۔ نجی ٹیلی وژن کے مطابق ایم پی اے فیصل زمان کو پروڈکشن آرڈر پر لایا گیا تھا اور وہ گذشتہ 42 دنوں سے اراکین اسمبلی کے لئے مختص ہاسٹل میں قیام پذیر تھے۔ خیال رہے کہ فیصل زمان خیبر پختونخوا کے حلقہ پی کے 42 ہری پور سے آزاد رکن صوبائی اسمبلی بنے تھے۔ ان پر تحریک انصاف کے رہنمائوں گل نواز اور طاہر اقبال کے قتل کا الزام ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت اور بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے بھی فیصل زمان کی درخواست ضمانت کو مسترد کر دیا تھا۔ فیصل زمان کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت ایبٹ آباد نے ٹرائل مکمل کرلیا ہے۔ کیس کا فیصلہ محفوظ رکھا گیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصل زمان کی نقل وحرکت پر سخت پابندی لگا رکھی تھی۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے فیصل زمان کے نو مارچ کو پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے اور وہ جیل کے بجائے گذشتہ 42 دنوں سے ایم پی اے ہاسٹل میں مقیم تھے۔ پولیس حکام کے مطابق سب جیل سے فرار ہونے پر ہماری ذمہ داری نہیں بنتی۔ فیصل زمان گذشتہ سہ پہر 4 بجے کے بعد سے لاپتا ہیں۔ پولیس نے ہاسٹل میں ایم پی اے فیصل زمان کا کمرہ لاک کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ فیصل زمان کے فرار کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ملزم کی بیرون ملک فرار کی کوشش روکنے کیلئے ایف آئی اے کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور فیصل زمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مزیدخبریں