عمران خان بعض چینلز کو جھوٹی خبریں فیڈ کر رہے ہیں
05:24 AM, 23 Apr, 2022
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک نجی چینل پر نیشنل سکیورٹی کونسل کے حوالے سے خود ساختہ، من گھڑت اور شرم سے عاری خبر چلائی گئی۔ خدارا ذاتی مفادات کو ملکی مفاد پر ترجیح نہ دیں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔ تفصیل کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک چینل پر چلنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے بیان کے بعد سازش کی بحث دفن ہو گئی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ واضح ہوگیا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، اسے سازش دکھانے والے اصل میں سازش کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے موقف اجلاس میں رکھا، ان کے مراسلے کے تناظر اور مواد کا بغور جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سفیر کے موقف، تناظر اور ارادے کے واضح ہونے کے بعد یہ خبریں محض منفی سیاست کا حصہ ہیں۔ جھوٹ کو خبر بنا کر پیش کرنا پاکستان کے قومی مفادات کے گلے پر چھری چلانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بعض چینلز کو جھوٹی خبریں فیڈ کر رہے ہیں جو ملک کے خلاف سازش ہے۔ ان کا جھوٹ پکڑا گیا ہے تو وہ میڈیا کے ایک حصے کو جھوٹی خبریں پھیلانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے اعلامیے کے بعد اس نوع کی خبریں ملک کے ساتھ بھلائی نہیں ہیں۔ ملکی سلامتی افراد اور اداروں سے زیادہ مقدم ہوتی ہے۔ مریم اورنگزیب اپنے جھوٹے بیانیے کو آنکھوں سامنے دفن ہوتے دیکھ کر ملک وقوم کی قبر کھودنے کی کوشش کرنے والے ہی دراصل میر جعفر ومیر صادق ہوتے ہیں۔