عمران خان کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں: امریکا

05:36 AM, 23 Apr, 2022

احمد علی
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ہم بار بار یہ بات دہرا رہے ہیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات میں قطعی کوئی صداقت نہیں ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جیلینا پورٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک جمہوری، خوشحال اور مضبوط پاکستان امریکی مفادات کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم پاکستان کیساتھ اپنے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے مبینہ خط کی تحقیقات کیں لیکن اس میں سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ یہ بھی پڑھیں: عمران خان بعض چینلز کو جھوٹی خبریں فیڈ کر رہے ہیں دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک نجی چینل پر نیشنل سکیورٹی کونسل کے حوالے سے خود ساختہ، من گھڑت اور شرم سے عاری خبر چلائی گئی۔ خدارا ذاتی مفادات کو ملکی مفاد پر ترجیح نہ دیں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔ تفصیل کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک چینل پر چلنے والی خبروں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے بیان کے بعد سازش کی بحث دفن ہو گئی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ واضح ہوگیا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، اسے سازش دکھانے والے اصل میں سازش کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے موقف اجلاس میں رکھا، ان کے مراسلے کے تناظر اور مواد کا بغور جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سفیر کے موقف، تناظر اور ارادے کے واضح ہونے کے بعد یہ خبریں محض منفی سیاست کا حصہ ہیں۔ جھوٹ کو خبر بنا کر پیش کرنا پاکستان کے قومی مفادات کے گلے پر چھری چلانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بعض چینلز کو جھوٹی خبریں فیڈ کر رہے ہیں جو ملک کے خلاف سازش ہے۔ ان کا جھوٹ پکڑا گیا ہے تو وہ میڈیا کے ایک حصے کو جھوٹی خبریں پھیلانے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے اعلامیے کے بعد اس نوع کی خبریں ملک کے ساتھ بھلائی نہیں ہیں۔ ملکی سلامتی افراد اور اداروں سے زیادہ مقدم ہوتی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اپنے جھوٹے بیانیے کو آنکھوں سامنے دفن ہوتے دیکھ کر ملک وقوم کی قبر کھودنے کی کوشش کرنے والے ہی دراصل میر جعفر ومیر صادق ہوتے ہیں۔
مزیدخبریں