پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کم کرنے کے لیے تیار ہیں: وزیر خزانہ
03:49 PM, 23 Apr, 2022
پاکستان کے نئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کم کرنے اور ایمنسٹی سکیم کو ختم کرنے کی آئی ایم ایف کی سفارشات سے اتفاق کیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےبحران کا شکار معیشت کو سہارا دینے کے لیے انتظامی اصلاحات پر عمل کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے 2019 میں پاکستان کے لیے تین سال کے دوران چھ ارب ڈالر کے قرض کی منظوری دی تھی تاہم اصلاحات کی رفتار سے متعلق خدشات کے باعث اس کی ادائیگی سست روی کا شکار ہوگئی۔ مفتاح اسماعیل نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے کی بات کی ہے۔ میں ان سے اتفاق کرتا ہوں۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہم جو سبسڈی دے رہے ہیں اس کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ اس لیے ہمیں اسے کم کرنا پڑے گا۔‘ وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سے محروم ہونے سے بچنے کے لیے اپنے جانشینوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی پر بھاری سبسڈی کے ساتھ ساتھ کاروباری اداروں کے لیے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے ذریعے ایک ’جال‘ بچھایا۔