(ویب ڈیسک ) مبارک ثانی کیس سننے والے تین رکنی بینچ کیخلاف سنی اتحاد کونسل نے ریفرنس دائر کرنیکا کا اعلان کردیا۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کیا۔انہوں نے بتایا کہ مبارک ثانی کیس میں سنی اتحاد کونسل نے تین رکنی بینچ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزمبارک ثانی ضمانت کیس میں پنجاب حکومت کی نظر ثانی درخواست میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 6 فروری اور 24 جولائی کے فیصلوں سے معترضہ پیراگراف حذف کردیے۔
علما اور مذہبی جماعتوں کے نمائندوں کے دلائل کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مختصر فیصلہ سنایا ۔ بعد ازاں تحریری حکم نامہ جاری کردیا تھا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے24 جولائی 2024 کےفیصلے میں تصحیح کے لیے وفاق کی متفرق درخواست آئی، اس مقصد کے لیے پارلیمان نے ایک متفقہ قرارداد بھی منظور کی تھی، وفاق کی درخواست میں بعض جید علما کرام کا نام لے کر استدعا کی گئی تھی کہ علما کرام کی آرا کو مدنظر رکھا جائے، وفاق کی درخواست منظور کرتے ہوئے علما کرام کو نوٹس جاری کیا گیا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ علما کرام نے معترضہ فیصلے کے متعدد پیرا گرافس پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور ان کے حذف کے لیے تفصیلی دلائل دیے۔ انہوں نے اس موضوع پر اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پیش نظر رکھنے پر بھی زور دیا۔
تحریری حکم نامے میں کہاگیا کہ عدالت تفصیلی دلائل سننے کے بعد وفاق کی درخواست منظور کرتے ہوئے اپنے حکم نامے مؤرخہ 6 فروری 2024 اور فیصلے مؤرخہ 24 جولائی 2024 میں تصحیح کرتے ہوئے معترضہ پیراگر افس حذف کرتی ہے اور ان حذف شدہ پیر اگر افس کو نظیر کے طور پر پیش یا استعمال نہیں کیا جاسکےگا۔ ٹرائل کورٹ ان پیراگر افس سے متاثر ہوئے بغیر مذکورہ مقدمےکا فیصلہ قانون کے مطابق کرے۔